لاہور میں دہشتگردی کا منصوبہ ناکام، ریلوے اسٹیشن کے قریب مشتبہ شخص سے تین کلو وزنی بم برآمد

لاہور : پولیس نے لاہور میں دہشتگردی کے بڑے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک مشتبہ شخص سے تین کلو وزنی بم برآمد کرکے اسے ناکارہ بنا دیا جبکہ ملزم کو تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اتوار کے روز پولیس نے معمول کی گشت کے دوران ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارک کے قریب ایک مشتبہ شخص کو روکا جس کے پاس بھاری بیگ موجو تھا تاہم تلاشی لینے پر بیگ سے بم، آئی ڈی اور ریموٹ کنٹرول برآمد ہوا جس کے بعد پولیس نے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کرکے بم کو ناکارہ بنادیا جبکہ ملزم کو حراست میں لے لیا۔

بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق بم تین کلو وزنی ہے۔ واقعے کے بعد ریلوے اسٹیشن سمیت دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ ریلوے اسٹیشن کے سامنے پارک میں دوپہر کے وقت مزدوروں کا رش ہوتا ہے اور اتوار کے روز عام افراد کی بھی بڑی تعداد تفریح کے غرض سے پارک میں جمع ہوتی ہے جبکہ پارک سے ملحقہ سڑک پر دیگر شہروں میں جانے والی ٹرانسپورٹ بھی موجود ہوتی ہے تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرکے شہر میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔