قوم ان سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ڈائریکٹر ڈائمینشنز اکیڈمی اینڈ سکول

راولپنڈی : ڈائمینشنز (Dimensions) اکیڈمی اینڈ سکول کے ڈائریکٹر معین خرم رانا نے کہا ہے کہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دینے میں پاکستانی افواج کا کوئی ثانی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو دشمن کے ناپاک عزائم سے باز رکھنے کے لئے پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے اور غازیوں نے دشمن کے سامنے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر اپنے ملک اور اس کے شہریوں کی حفاظت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی حفاظت کا فریضہ ادا کرنے والے ان سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار یوم دفاع پاکستان کے حوالے سے منعقد ہونے والی ایک تقریب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت تاریخ کے مشکل ترین دور سے گذر رہا ہے اور ہمارے ملک کو دہشت گردی کے ساتھ ساتھ دفاع پاکستان اور ملکی استحکام کے چیلینجز کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط فوج مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے اور یہی وجہ ہے کہ دنیا کی کوئی طاقت اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے پاکستان کی طرف دیکھنے کی جرات نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی دشمن نے پاکستان کی طرف میلی نگاہ سے دیکھنے کی کوشش کی تو اسے منہ کی کھانی پڑی اور ہمارے جوانوں نے دشمن کی جانب سے فوج کشی کی صورت میں ناکوں چنے چبوا دیئے۔