امریکی ریاست کیلیفورنیا میں سان فرانسسکو کے قریب جنگل میں آگ لگنے سے سیکڑوں درخت جل کر راکھ ہو گئے۔ قریبی آبادیوں کو خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔
آگ سان فرانسسکو سے پینتالیس کلومیٹر دور مانٹ دیابلو کے مقام پر لگی۔ جس سے تین سو پچاس ایکڑ رقبے پر موجود درخت راکھ ہو گئے۔ حکام کے مطابق صرف دس سے پندرہ فیصد آگ پر قابو پایا جا سکا ہے۔ آگ کے پھیلنے کے خدشے کی وجہ سے قریبی آبادیوں کو خالی کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
آگ سے قریبی علاقے میں دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے ہیں۔ سیکڑوں فائر فائٹرز آگ بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی۔