سی ڈی اے اور اربن یونٹ پنجاب نے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ہیں
Posted on September 10, 2013 By Noman Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد: سی ڈی اے اور اربن یونٹ پنجاب نے ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت اربن یونٹ سی ڈی اے کو اسلام آباد کی اراضی کے سیٹیلائیٹ سروے اوراس کو ایکوائر کرنے میں جدید ٹیکنالوجی کے زریعے معاونت فراہم کرے گا۔ اس مفاہمتی یاداشت کے سمجھوتے پر چیئرمین سی ڈی اے ندیم حسن آصف اور اربن یونٹ پنجاب کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈاکٹر ناصر جاوید نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ ایک اجلاس کے اختتام پر دستخط کئے۔
اس مفاہمتی یاداشت کے سمجھوتے کی رو سے اربن یونٹ کے ماہرین سی ڈی اے کو اربن پلاننگ ، ریونیو بڑھانے اور لینڈریکارڈ کو بہتر انداز میں مرتب کرنے میں مدد دیں گے۔ اس مفاہمتی یاداشت کے سمجھوتے سے سی ڈی اے کو اسلام آباد میں مستقبل میں کھولے جانے والے سیکٹرز میں اراضی کو ایکوائر کرنے کے عمل میں شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
اربن یونٹ اور سی ڈی اے مستقبل میں اراضی ایکوائر کرنے کے لئے تین نکاتی حکمت عملی پر عمل کریں گے۔ اس حکمت عملی کے تحت سب سے پہلے مقامی لوگوں سے معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں اربن یونٹ کی مدد سے جدید سیٹیلایٹ ٹیکنالوجی سے زمین کا سروے کیا جائے گا جبکہ تیسرے مرحلے میں تفصیلی ٹاپوگرافک سروے کیا جائے گا تاکہ زمین کا قبضہ لینے کے عمل کو مکمل طور پر شفاف بنایا جا سکے۔
سی ڈی اے اور اربن یونٹ کے مابین طے پانے والا یہ اعزازی ہے جس کے لئے سی ڈی اے اربن یونٹ کو کوئی معاوضہ ادا نہیںکرے گا۔ اس مفاہمتی یاداشت کے تحت اربن یونٹ کے ماہرین نے اپنا کام شروع کر دیا ہے اور سی ڈی اے کے پلاننگ اینڈ ڈیزائن ونگ کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیاد ہ فائدہ اُٹھایا جا سکے۔ اس ضمن میں سی ڈی اے نے ایڈیشنل ڈائریکٹر پلاننگ ارشد چوہان کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے جو ان ماہرین کو سیٹلایٹ سروے کرنے میں مطلوبہ مدد فراہم کریں گے۔