لاہور (جیوڈیسک) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ وزیراعظم، نیب کو مضبوط اور آزاد بنانا چاہتے ہیں، کسی بے قصور کو نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے یہ بات لاہور میں نیب کی جانب سے فراڈ کمپنیوں کے متاثرین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہی۔
گورنر کا کہنا تھا کہ خوشی ہے نیب کی جانب سے غریبوں کی لوٹی رقم واپس مل رہی ہے، نیب میں سیاست کی وجہ سے احتساب کا نظام متاثر ہوا، موجودہ حکومت اسے سیاست سے پاک رکھنا چاہتی ہے، ان کا کہنا تھا کہ مگرمچھوں کو پکڑنے کی مکمل کوششیں کی جائیں گی ،تقریب میں ڈی جی نیب حسنین احمد نے متاثرین میں چیک تقسیم کیے۔