کراچی : فشریز میں رینجرز کی کارروائی، ملزم شفیع پٹھان ہلاک

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرزاور پولیس نے ٹارگٹڈ آپریشن کرتے ہوئے متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ رینجرز کے مطابق فشریز میں رینجرز نے کارروائی کی جس پر ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی ،جوابی فائرنگ سے لیاری گینگ وار کا مبینہ ملزم شفیع پٹھان ہلاک جبکہ دو ساتھی گرفتار کرلیے گئے۔

اورنگی ٹاون پٹھان کالونی میں بھی رینجرز نے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والوں سمیت سات 7 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دستی بم سمیت 22 ہتھیار برآمد کرلئے۔ فیڈرل بی ایریا کے علاقے انچولی سوسائٹی اور پرانا حاجی کیمپ کے قریب بھیکارروائی کی گئی، رینجرز کی جانب سے گرفتار شدگان کی تعداد کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔

دوسری جانب ایس ایس پی ویسٹ آصف اعجاز شخ کے مطابق اتحاد ٹاون پولیس کی کارروائی میں جمشید کوارٹر میں پولیس موبائل پر فائرنگ کا ملزم گرفتار کرلیا، ملزم سے ٹی ٹی پستول برآمد کر لیا گیا۔ ایس ایس پی ایسٹ عمران شوکت کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 51 ملزمان کو گرفتار کرکے 14 ہتھیار برآمد کئے گئے۔ اس سے قبل پولیس نے شاہ لطیف ٹاون سے بھتا خوری اوراسٹریٹ کرائم میں ملوث 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی کورنگی، عرفان مختار بھٹو نے بتایا کہ زمان ٹاون سے پولیس اہلکار کے قتل میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ لیاری کے علاقے کلری سے جرائم کی واردتوں میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایس پی کلفٹن سرفراز نواز کے مطابق ہجرت کالونی سے ایک ڈکیت، جبکہ اتحاد کمرشل ایریا سے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ اور چھینے گئے 3 موبائل فونز برآمد کرلئے گئے ہیں۔