اسلام آباد (جیوڈیسک) کے بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر بھی حج آپریشن کا آغاز ہوگیا ہے۔ قومی ائیر لائن کی پہلی پرواز پی کے ٹو ون زیرو تھری تین سو تیس حجاج کرام کو لیکر حجاز مقدس روانہ ہوگئی۔
وفاقی وزیر مذہبی امورسردارمحمدیوسف نے عازمین حج کی پہلی پرواز کو الوداع کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر سردار یوسف کا کہنا تھا کہ حکومت نے اس سال عازمین حج کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ عازمین حج سعودی عرب میں پاکستانی سفیر بھی ہیں۔ وہاں کے قوانین کی پابندی کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب میں مسائل کے حل کیلئے شکایت سینٹر بنا دیئے گئے ہیں۔ جہاں حج ڈائریکٹوریٹ چوبیس گھنٹے حجاج کی شکایات سنے گا۔ شکایت سننے کیلئے تقریبا دو ہزار کے معاونین بھی وہاں موجود ہوں گے۔