لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں ذرائع کی نشاندہی پر محکمہ صحت کی ٹیم نے ایک پولیو ویکسی نیٹر کے گھر سے یونی سیف کا فریج اور فریزر برآمد کر لیا۔ وزیر صحت پنجاب کا کہنا ہے کہ ویکسی نیٹر سمیت پورے مافیا کو بے نقاب کریں گے۔ بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگانے والے ہی پولیو ویکسین کے چور نکلے، شاہدرہ میں ویکسی نیٹر کاشف کے گھر پر محکمہ صحت کی ٹیم نے چھاپہ مارا تو حفاظتی ٹیکوں کیلئے فراہم کیے جانے والے یونی سیف کے فریج اور فریزر گھرمیں استعمال میں ہوتے پائے گئے، یہی نہیں بلکہ سرنجز، ویکسین باکس کچن کی زینت تھے، ایک تھیلے سے بڑی مقدار میں خسرہ اور پولیو کی زائد المعیاد ویکسین بھی ملی، ویکسی نیٹر کاشف موقع سے فرار ہوگیا۔
اس کی بیٹی نے بتایا کہ پاپا ای پی آئی سینٹر سے یہ سامان اس لیے گھر لائے تھے کہ کہیں چوری نہ ہو جائے۔ وزیر صحت پنجاب خلیل طاہر سندھوکا کہنا ہے کہ نہ صرف ویکسی نیٹر کاشف بلکہ اسکے ساتھیوں کو بھی پکڑیں گے، ادھر ای پی آئی سینٹر شاہدرہ سے بھی چوری شدہ ویکسین اور سرنجز برآمد ہوئیں جبکہ ویکسی نیٹر کاشف کا ساتھی فرار ہوگیا۔
ای ڈی اوہیلتھ ڈاکٹر ذوالفقار کا کہنا ہے کہ و ہ اس دھندے میں ملوث کئی ملازمین کو جانتے ہیں۔ محکمہ صحت نے ویکسی نیٹر کاشف کے خلاف پولیس کو درخواست دے دی ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کے بڑے بڑے دعوے آئے روز سنتے رہتے ہیں مگر بچوں کے حفاظتی ٹیکوں کا یوں چوری ہونا لمحہ فکریہ بھی ہے اور محکمہ کی کالی بھیڑوں کے خلاف سخت کارروائی کا تقاضا بھی۔