کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں خونی کھیل ایک بار پھر شروع ہوگیا،وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کی جانب سے جرائم اور ٹارگٹ کلنگ میں کمی کا اعلان کرنے کے چند گھنٹے بعد ہی مختلف واقعات میں پانچ افراد قتل کیے جاچکے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی وسطی کے علاقے ناظم آباد گول مارکیٹ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے، پولیس ذرائع کے مطابق مقتول نورالایمان مسجد کی کمیٹی کے چیرمین تھے،اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ادھر نیو کراچی سیکٹر فائیو میں رکشے پر فائرنگ سے2 افراد جاں بحق ہوگئے، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں افراد کا تعلق بوہری برادری سے تھا۔ علاوہ ازیں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 2 پولیس اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ اس طرح ایک گھنٹے کے اندر 5 افراد مختلف واقعات میں ہلاک کیے جاچکے ہیں۔