کراچی میں 3 جاں بحق، مشتعل افراد نے گاڑیاں جلا دیں، صورتحال کشیدہ

Karachi Vehicles

Karachi Vehicles

کراچی (جیوڈیسک) شہر قائد میں جاری قتل و غارت گری کی صورتحال پر قابو نہیں پایا جا سکا ہے۔ آج بھی 3 افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے. ابو الحسن اصفہانی روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔

ادھر جنجال گوٹھ کے علاقے میں بھی فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ مقتولوں کی ابھی شناخت نہیں ہو سکی۔ پولیس نے لاشیں مزید کارروائی کے لئے ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد نے صبح کھلنے والی دکانیں، کاروبار سکول اور پیٹرول پمپس بند کرا دئیے۔ نامعولم افراد نے تین گاڑیوں اور دو رکشوں کو آگ لگا دی اور بعض سڑکوں پر ٹائر جلائے. شہر کی کشیدہ صورتحال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ بند ہو گئی ہے۔

کورنگی ناصر جمپ کے قریب ایک بس اور ناگن چورنگی کے قریب ایک ٹرک کو آگ لگا دی گئی۔ گلستان جوہر میں رابعہ سٹی کے قریب ایک کوچ کو آگ لگادی گئی۔ جویر موڑ کے قریب دو رکشوں کو آگ لگا دی گئی۔ لیاقت آباد الکرم سکوائر کے قریب نامعلوم افراد نے ٹائر نذر آتش کر کے سڑک بلاک کر دی۔

کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ارشاد بخاری نے کہا ہے کہ شہر کی صورتحال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اورنگی ٹان اور دیگرعلاقوں میں نامعلوم افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ سڑکوں سناٹا چھا گیا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں سے غائب ہوگئی ہے۔ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی صورتحال کشیدہ ہو چکی ہے. دکانیں, کاروباری مراکز اور سکول بند ہیں. ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران بھتہ خور سمیت 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

پولیس نے سائٹ اے میں مقابلے کے بعد بھتہ خور کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایسٹ زون کے علاقوں سہراب گوٹھ اور سچل میں بڑے پیمانے پر آپریشن کے لئے اہلکاروں کو اضافی گولیاں، بلٹ پروف جیکٹس اور بکتر بند گاڑیاں فراہم کر دی گئیں ہیں۔ پولیس نے گلستان جوہر رابعہ سٹی سے تین افراد کو گرفتار کر لیا۔ عبداللہ شاہ غازی گوٹھ میں سرچ آپریشن کے دوران علاقے کی ناکہ بندی کر دی اور 4 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

جوہر آباد میں رینجرز نے رہائشی عمارتوں قدسیہ پلازہ اور شہر بانو پلازہ کا محاصرہ کیا اور فلیٹوں کی تلاشی لی۔