بالی ووڈ سائنس فکشن فلم کرش تھری ریلیز کے لیے تیار

Krrish

Krrish

ممبئی (جیوڈیسک) این جی ٹی بالی ووڈ کی بلاک بسٹر فلموں کوئی مل گیا اور کرش کے بعد ہریتک روشن کی سائنس فکشن سیریز کا تیسرا حصہ کرش تھری ریلیز کے لیے تیار ہے جسکے ٹریلر کے بعد فلم کے پہلے گانے کا ٹیزر بھی جاری کردیا گیا ہے۔فلمساز و ہدایتکار راکیش روشن کی اس فلم میں ہمیشہ کی طرح ان کے صاحبزادے ہریتک روشن بحیثیت روہت مہرا(باپ)، کرشنا مہرا(بیٹا) کے علاوہ پوتے کا مرکزی کردار ادا کررہے ہیں۔

فلم کرش میں سپر ہیرو کا کردار ادا کرنے والے ہریتک نے پچھلی فلم میں دو روپ بھرے تھے جس میں مرکزی ہیرو کیساتھ ساتھ والد کا کردار بھی خود انہوں نے ہی نبھایا تھا تاہم فلم کے سیکوئل میں اس کردار کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے سپر ہیرو کا کردار کرش کے بیٹے کو سونپا گیا ہے۔

فلم کی کہانی کا تسلسل وہیں سے جوڑا گیا ہے جہاں پر پچھلی فلم کرش ختم ہوئی تھی تاہم اس بار فلم میں ولن کے کرداروں کے لیے وویک اوبرائے اور کنگنا رناوت کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ پریانکا چوپڑا سمیت ریکھا اپنے سابقہ کرداروں میں جلوہ گر ہونگی۔ فلم کے گانوں کی موسیقی ہرتیک کے چچا راجیش روشن جبکہ بیک گرانڈ میوزک موسیقار جوڑی سلیم سلیمان نے ترتیب دیا ہے۔ سائنس فکشن اسٹنٹس اور ایکشن سے بھرپور یہ فلم کرش تھری رواں سال 4 نومبر کو 2 D اور 3D فارمیٹس میں سینما گھروں کی زینت بنائی جائیگی۔