نواجوان قائد اعظم کے رہنماء اصولوں کو اپنا کر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں ۔ نشاط ضیاء قادری
Posted on September 11, 2013 By Tahir Webmaster کراچی
کراچی : رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ کراچی کے نوجوانوں کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک بند کیا جائے کراچی کے نوجوانوں میں ہر شعبے کے اندر ٹیلنٹ موجود ہے اور وہ تعلیمی ہو یا کھیل ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا جوہر دکھانے میں پاکستان کے کسی بھی دوسرے صوبے یا شہر سے کم نہیں نوجوانوں میں پائی جانے والی محرومیوں کا خاتمہ انتہائی ضروری ہے انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ قائد اعظم کے رہنماء اصول کو اپنا کر ملکی ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔
ان خیالات کا اظہار رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے تحت شاہ فیصل کالونی میں یوم دفاع کے موقع پر منعقدہ امن میراتھن ریس کے حوالے سے منعقدہ تقسیم انعامات و اسناد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان نے بھی خطاب کیا اس موقع پرشاہ فیصل زون بلدیہ شرقی کے انفارمیشن آفیسر محمد ارشد ،سعید عالم ،کیپٹن (ریٹائرڈ)ڈاکٹر ریاض علی مہر ،ناصر مسعود نور،ڈاکٹر محبوب حسن نظامی، معراج الحق، عتیق صدیقی، بسرا احمد صدیقی، ڈاکٹر انور ،رفیع الدین اور کیپٹن وصی بھی موجود تھے نشاط ضیاء قادری نے کہاکہ ملک سے دہشت گردی ،لاقانونیت اور انتہا پسندی کا خاتمہ اور ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کا دارو مدار ملک کے نوجوانوں کے کاندھوں پر ہے انہوں نے نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ تعلیم کے فروغ اور معاشرے میں سدھار لانے کے لئے بھی اپنی توانیاں بروئے کار لائیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گینز ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ایتھلیٹ اورنگزیب سلطان نے کہاکہ نوجوانوں کو قوی اُمید ہے کہ حق پرست قیادت کراچی کے نوجوانوں کو اُن کے حقوق اور اُن کا مقام دلا ئے گی انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کے ساتھ روا رکھے گئے سلوک پر نظر ثانی کی جائے اور کراچی کے نوجوانوں کو بھی کرکٹ، ہاکی سمیت دیگر شعبوں میں شامل کرکے انہیں اپنا جوہر دکھانے کا موقع فراہم کیا جائے تقریب کے اختتام پر یوم دفاع میراتھن ریس میںاول، دوئم اور سوئم آنے والے یاسر محمود، عبدالحامد، دانیال اسلم کو ٹرافی پیش کی گئی اس موقع پر چائنا فائونڈیشن اور اورنگزیب سلطان اکیڈمی کے اشتراک سے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے میراتھن ریس میں شریک شرکاء کو اعزازی سرٹیفکٹ تقسیم کئے۔