اسلام آباد (جیوڈیسک) اسلام آباد واقعے کے مرکزی ملزم سکندر کی اہلیہ نے سیشن کورٹ میں پولیس کے خلاف مقدمہ کے لیے درخواست دائر کردی۔ ملزمہ کنول اور اسلحہ ڈیلراختر کے عدالتی ریمانڈ میں انیس ستمبر تک توسیع کر دی گئی۔
اسلام آباد واقعے کے مرکزی ملزم سکندر کی اہلیہ کنول اور اسلحہ ڈیلر ملزم اختر کو جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر سخت سیکورٹی میں انسداد ہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے ملزمان کے عدالتی ریمانڈ میں انیس ستمبر تک توسیع کرتے ہوئے انھیں جیل روانہ کرنے کا حکم دیا۔
دوسری جانب سکندرکی اہلیہ کنول کی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج کامران مفتی کی عدالت میں پولیس پر مقدمہ درج کرنے کی درخواست جمع کرائی گئی۔ جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے ان کی گاڑی کو ٹکر ماری اور انہیں ہراساں کیا۔ پھر یہ واقعہ پیش آیا۔
درخواست پر پولیس نے جواب داخل کرتے ہوئے موقف اختیار کیا ملزمہ اپنے شوہر کے ساتھ برابر کی شریک تھی۔ دنیا نے دیکھا کہ سکندر اسلحہ اٹھا کر طیش میں آتا رہا۔ درخواست خارج کی جائے ۔ عدالت نے اس معاملے کی مزید کاروائی تیرہ ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔