غلام مصطفی کے ورثہ در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور، غلام مصطفی ٹرک کنڈیکٹری کر کے گھر والوں کا پیٹ پالتا تھا

مصطفی آباد (نامہ نگار) دوران ڈاکیتی ڈاکوئوں کی فائرنگ سے قتل ہونے والے 15 سالہ غلام مصطفی کے ورثہ در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور، غلام مصطفی ٹرک کنڈیکٹر ی کرکے گھر والوں کا پیٹ پالتا تھا، تین سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود تا حال ملزمان کو سزا نہ مل سکی۔ ملزمان کو سخت سزا دینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق نواحی گائوں دفتوہ کے رہائشی وکیل احمد کا بیٹا غلام مصطفی خاندان کا واحد کفیل تھا ٹرک پر کنڈیکٹری کرکے ماں باپ کا پیٹ پالتا تھا۔ ایک رات غلام مصطفی ٹرک لے کر جا رہا تھا کہ رائے ونڈ بابلیانہ کے قریب ناکہ زن ڈاکو ٹرکوں کو لوٹنے میں مصروف تھے اسی دوران انہوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں غلام مصطفی قتل ہو گیا تین سال کا عرصہ گزرنے کے باوجود تا حال ملزمان کو سزا نہ مل سکی۔ غلام مصطفی کے ورثہ ایڈیشنل سیشن جج قصور سے قتل میں ملوث اکرم عرف اکری مسیح، مختیاری مسیح، منشاء مسیح، لالی مسیح، بوٹا مسیح، سنی مسیح اکرم عرف ملکی، بشارت عرف بشارتی وغیرہ کو سخت سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان کو دہشت گردی، توانائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کا سامنا ہے
مصطفی آباد (نامہ نگار) پاکستان کو دہشت گردی، توانائی، بے روزگاری اور دیگر مسائل کا سامنا ہے ملک کو مسائل کے بھنور سے نکالنا کسی چیلنج سے کم نہیں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک و قوم کو مسائل سے نجات دلانے کا عزم کر رکھا ہے اور انشاء اللہ ہم عزم و ہمت اور جذبے کو بروئے کار لاتے ہوئے اپنی منزل ضرور پائیں گے توانائی کے شدید بحران نے زندگی کے تمام شعبوں کو بری طرح متاثر کیا ہے قومی معیشت بدحالی کا شکار ہے، صنعتوں کا پہیہ رکنے سے بے روزگاری اور غربت میں اضافہ ہوا ہے پاکستان مسلم لیگ (ن) کو عوام نے مسائل کے خاتمے کا مینڈیٹ دیا ہے اور حکومت اس جانب سنجیدگی سے آگے بڑھ رہی ہے وہ وقت دور نہیں جب قوم کو تمام مسائل سے نجات ملے گیـان خیالات کا اظہار ایم پی اے حاجی نعیم صفدر انصاری نے مصطفی آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کے تعاون سے ہزاروں میگا واٹ بجلی کے حصول کے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ بجلی پیدا کرنے کے روایتی ذرائع سے ہٹ کر متبادل طریقوں سے بجلی کے حصول پر کام کر رہے ہیں کوئلے، شمسی، ہائیڈل، گنے کے پھوگ اور دیگر متبادل ذرائع سے بجلی کے حصول کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے ملکی و غیر ملکی توانائی کی کمپنیوں سے متعدد معاہدے کئے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ چین کی بہت سی کمپنیوں نے پنجاب میں توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے رضامندی ظاہر کی ہے حکومت پنجاب توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے لئے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے اس مقصد کے لئے نہ صرف توانائی کا علیحدہ محکمہ قائم کیا گیا ہے بلکہ ایک الگ اور خود مختار سیکرٹریٹ بھی بنایا گیا ہے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی پہلی ترجیح توانائی کے بحران پر قابو پانا اور صنعت کاری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے توانائی کی بلاتعطل فراہمی ہے اور اس مقصد کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جا رہے ہیں۔