ڈیلس (جیوڈیسک) راجہ زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ جنگ امریکا میں برسراقتدار ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے ڈیلس میں لیبر ڈے پارٹی پکنک کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے سینئر رہنماں اور منتخب نمائندوں ججز سمیت اراکین کانگریس نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے رکن مارک ویسی نے کہاکہ ریاست ٹیکساس سینٹر سنڈی ڈیوس کا منتظر ہے۔
اور آئندہ انتخابات میں سینڈی ڈیوس رک پیری کا مقابلہ کریں گی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں الیکشن کیلئے تیاریاں ابھی سے کرنا ہوں گی۔ کانگریس ویمن ایڈی برنی جانس نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ لیبر ڈے جہاں ہمیں قربانیوں کی یاد دلاتا ہے وہاں یہ دن اس بات کا احساس بھی دلاتا ہے۔
کہ ہم نے پورا سال انتہائی محنت و مشقت سے کام کیا اور اس دن کو منا کر ہم اپنی اور آپ کی محنت و مشقت کو شاباش دیتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ریاست ٹیکساس میں ڈیموکریٹک پارٹی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کر رہی ہے اور عوام جوق در جوق پارٹی کی طرف کھنچے چلے آ رہے ہیں۔
اس موقع پر کمشنر ڈیلس ٹریسا ڈینیل پولیس چیف لوپے والید اس متعدد ججز اور کانٹی میں سرکاری عہدے کے امیدواروں نے بھی شرکت کی جبکہ آنے والے ڈیموکریٹک پارٹی کے کارکنوں کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ اس دوران لوگ ایک دوسرے سے گھل مل گئے اور تقاریر کے سلسلہ کے بعد ایک دوسرے سے گفت و شنید میں مشغول رہے۔