اقوام متحدہ نے شام میں انسانی حقوق سے متعلق رپورٹ پیش کردی ہے۔ رپورٹ میں فوج اور باغیوں دونوں کو جنگی جرائم میں ملوث قرار دیا گیا ہے۔ شام میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی تازہ ترین رپورٹ 15 مئی سے 15 جولائی تک کے واقعات پر مبنی ہے۔ رپورٹ کے مطابق شام کی فورسز نے باغیوں سے کئی علاقوں کا کنٹرول حاصل کرنے کے لیے اسپتالوں پر بم برسائے۔
شہریوں کے قتل عام کے علاوہ فورسز کئی جنگی جرائم میں بھی ملوث ہیں۔ حکومتی فورسز کے علاوہ باغی گروہ اور غیرملکی جنگجو بھی قتل، اغوا، شہری علاقوں میں شیلنگ اور دوسرے کئی جنگی جرائم میں ملوث ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شامی حکومت پر کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال اب تک ثابت نہیں ہوا ہے۔
اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل بان کی مون کا کہنا ہے کہ شام میں مظالم نہ روکنا تمام طاقتوں کی مشترکہ ناکامی ہے۔ ادھر روس نے شام کے کیمیائی ہتھیاروں سے متعلق مجوزہ منصوبہ امریکا کے سپرد کردیا ہے جس کے تحت شام کے کیمیائی ہتھیار عالمی کنٹرول میں دیے جائیں گے۔