پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ضرور شروع ہونی چاہیے، وسیم اکرم

 Wasim Akram

Wasim Akram

لاہور (جیوڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ ضرور شروع ہونی چاہیے، کھیل سے سیاست کو دور رہنا چاہیے، کرکٹ کی بحالی سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بھی بہتری آئے گی۔ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم اپنی آسٹریلوی اہلیہ شنیرا تھامسن کے ہمراہ کراچی روانگی کی وقت لاہورایئرپورٹ پہنچے تو بہت ہشاش بشاش اور خوش نظرآ رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ زمبابوے کا دورہ جنوبی افریقہ کے دورے کی تیاری کے حوالے سے بہت اہم ہے، وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ پاک بھارت کرکٹ ایشز سے زیادہ مقبول اور پریشر والی ہوتی ہے، وہ جب بھارت کے خلاف کھیلتے تھے تو ان پر بھی پوری قوم کا پریشر ہوتا تھا۔ وسیم اکرم کا کہناتھاکہ ان کی اہلیہ کو لاہور بہت پسند آیا، وہ انہیں پورا پاکستان گھمانا چاہتے ہیں۔

شلوارقمیض میں ملبوس وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا تھامسن بھی خوش دکھائی دے رہی تھیں، انہوں نے سر پر دوپٹہ سیدھا کیا تو وسیم اکرم نے بھی ان کی مدد کی، شنیرا نے صحافیوں کے استفسار پرمسکراتے ہوئے تھوڑا اردو میں بھی گفتگو کی کوشش کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان بہت خوبصورت ہے۔