شاہ زیب قتل کیس : ڈیل سبھاگو خان جتوئی نے کروائی

Shah Rukh Jatoi

Shah Rukh Jatoi

کراچی (جیوڈیسک) ذرائع کے مطابق شاہ زیب قتل کیس سابق سیکریٹری ایجوکیشن سبھاگو خان جتوئی نے نہ صرف ڈیل کروائی بلکہ مقتول شاہ زیب کے والد کے اکائونٹ میں بھی رقم جمع کروائی۔ ذرائع کے مطابق مقتول شاہ زیب کے والد کو 15 کروڑ نقد اور 5 کروڑ کی پراپرٹی بیرون ملک خرید کر دی گئی۔

ڈیل کے بعد سبھاگو خان جتوئی کو شاہ رخ جتوئی کے والد کی سیمنٹ فیکٹری میں اہم عہدہ دیا گیا۔ واضع رہے کہ رواں سال جون میں کراچی کی انسداد دہشتگردی کی ایک عدالت نے شاہ زیب قتل کیس میں مرکزی ملزم 20 سالہ شاہ رخ جتوئی اور سراج تالپور کو موت جبکہ سراج کے بھائی سجاد تالپور اور ملازم غلام مرتضی لاشاری کو عمر قید کی سزا سنائی تھی تاہم مقتول نوجوان شاہ زیب خان کے ورثا نے اس مقدمے میں تمام سزا یافتہ مجرموں کو معاف کر دیا تھا۔

مقتول کے والد اور ان کی اہلیہ نے مجرموں کو معاف کرنے کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں ایک بیانِ حلفی جمع کرایا۔ مقتول کے ورثا کا کہنا ہے کہ مجرمان کے اہلخانہ سے عدالت کے باہر صلح صفائی ہو گئی ہے اور قصاص اور دیت کی رقم بھی نہیں لی گئی ہے۔ شاہ زیب خان کو گزشتہ برس دسمبر میں ڈیفنس کے علاقے میں شاہ رخ جتوئی اور اس کے دوستوں نے معمولی جھگڑے کے بعد گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا۔

شاہ زیب کی ہلاکت کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹوں پر اس قتل کی مذمت کیلئے مہم کا آغاز ہوا۔ چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے 30 دسمبر کو معاملے کا از خود نوٹس لیتے ہوئے مقدمہ انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں چلانے کا حکم دیا تھا۔

اسی دوران مقدمے کا مرکزی ملزم شاہ رخ جتوئی ملک سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا اور بعد ازاں سپریم کورٹ کے احکامات پر اسے دبئی سے گرفتار کر کے واپس پاکستان لایا گیا تھا۔