پاکستانی بیٹنگ کا اہم رکن تصور کیے جانے والے تجربہ کار بیٹسمین یونس خان نے ٹیسٹ کرکٹ میں سات ہزار رنز مکمل کرلئے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے چوتھے پاکستانی بن گئے ہیں۔
یونس خان پاکستانی بیٹنگ کا مضبوط پلر ہیں۔ یونس کا چلنا پاکستان کی جیت کی ضمانت ہوتا ہے۔وہ تن تنہا ہی حریف ٹیم کو ناکوں چنے چبوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہرارے میں بھی پاکستان نے یونس خان پرہی انحصار کیا۔
پہلے ٹیسٹ میں ڈبل سینچری بنائی اور اب ہرارے میں کیرئیر کی ستائیسیوں نصف سنچری مکمل کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں سات ہزار رنز مکمل کر لئے۔ وہ یہ کارنامہ انجام دینے والے پاکستان کے چوتھے کھلاڑی ہیں۔ اس سے پہلے جاوید میانداد، انضمام الحق اور محمد یوسف یہ سنگ میل عبور کر چکے ہیں۔
پاکستان کو کئی فتوحات سے ہمکنار کروانے والے یونس خان اپنے کیرئیر کے آخری دور میں ضرور ہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان کو یونس جیسا کھلاڑی اتنی آسانی سے نہیں ملے گا۔ اسی لئے یونس کو قومی ٹیم کی بیٹنگ کا اہم ستون تصور کیا جاتا ہے۔