کراچی : پختون آباد میں رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن

Rangers

Rangers

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں منگھوپیر کے علاقے پختون آباد میں رینجرز کی جانب سے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو اہم دہشت گردوں سمیت 5 افراد کو حراست میں لیکر مختلف اقسام کے 36 ہتھیار برآمد کرلئے گئے۔

رینجرز کی جانب سے الصبح خفیہ اطلاعات پر منگھوپیر کے علاقے پختون آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کالعدم تنظیم کے مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے کیا گیا، آپریشن کے دوران بعض مشتبہ افراد کے مکانات پر چھاپے بھی مارے گئے،اس دوران ناکہ بندی کے باعث علاقہ مکینوں کی نقل وحرکت پر بھی پابندی رہی۔

آپریشن کے دوران موٹر سائیکل سوار اہلکاروں کا دستہ، رینجرز رسپارنس ایمبولینس، اور اینٹی ٹیررارسٹ ٹریننگ والے اہلکار بھی موجود تھے، کارروائی کے دوران رینجرز نے کالعدم تنظیم کے دو اہم دہشت گردوں سمیت 5 افراد کو حراست میں لیکر مختلف اقسام کے 36 ہتھیار برآمد کرلئے۔

رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ پکڑے گئے ملزمان میں ماربل کارخانوں اور دکانداروں سے بھتا وصولی کرنے اور ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں انھیں اغوا کرنے والے اور ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں۔