امریکا شام سے متعلق نئی قرارداد میں فوجی حملے کی بات نہیں کریگا: امریکی عہدیدار

USA - Russia - Syria

USA – Russia – Syria

جنیوا (جیوڈیسک) امریکا شام سے متعلق اقوام متحدہ کی نئی قرارداد میں فوجی کارروائی کا ذکر نہیں کریگا جبکہ روس اور امریکا کے درمیان شام کے معاملے پرجنیوا میں مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے۔ غیرملکی خبرایجنسی کے مطابق واشنگٹن میں اوباما انتظامیہ کے سینئر عہدیدار نے انکشاف کیا ہے کہ روس کی مخالفت کی وجہ سے امریکا اقوام متحدہ میں پیش کی جانیوالی نئی قرار دادکے مسودے میں شام کے خلاف فوجی کارروائی کا ذکر نہیں کرے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ قرارداد میں دمشق کے کیمیائی ہتھیاروں کے خلاف سخت اقدامات تجویز کیے جائیں گے، شام نے اگر اپنے کیمیاوی ہتھیاروں کی تصدیق کو مسترد کیا تو اس پرپابندیوں میں اضافہ کیا جائیگا۔ امریکا چاہتا ہے کہ شام کو کیمیائی ہتھیاروں سے غیر مسلح کرنے کا کام آئندہ چند ہفتوں میں ہو جائے۔ دوسری جانب جنیوا میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری اور ان کے روسی ہم منصب سر گئی لاروف کے درمیان شام کے معاملے پر مذاکرات آج بھی جاری رہیں گے۔