کراچی (جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کردیا، شرح سود میں 0.5 فیصد اضافہ کردیا گیا جس کے بعد انٹریسٹ ریٹ 9.5 فیصد ہوگیا۔ گورنر اسٹیٹ بینک یاسین انور نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رواں مالی سال کی پہلی مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا۔ انہوں نے بتایا کہ آئندہ 2 ماہ کیلئے شرح سود 0.5 فیصد اضافے سے 9.5 فیصد مقرر کردیا گیا ہے، افراط زر میں اضافے کے خدشے کے باعث شرح سود میں اضافہ کیا گیا۔
یاسین انور نے مزید کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ نئی حکومت معاشی اصلاحات کررہی ہے، گزشتہ مالی سال میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہوا، امن و امان اور توانائی بحران کے باعث نجی شعبہ کم قرض لے رہا ہے، ڈھائی مہینوں میں حکومت نے 547 ارب روپے قرض لیا۔ انہوں نے کہا کہ مالی سال 2008 میں مالی خسارہ ہدف سے بہت زیادہ رہا، پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں پر دباوبڑھ رہا ہے۔