جسٹس مشیر عالم کو سپریم کورٹ کا جج بنانے کی منظوری

Mushir Alam

Mushir Alam

اسلام آباد (جیوڈیسک) ججز تعیناتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی نے جسٹس مشیر عالم کو سپریم کورٹ کا جج بنانے، جسٹس مقبول باقر کو چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ تعینات کرنے کی منظوری دیدی۔ لاہور ہائیکورٹ کے چھ ایڈیشنل ججوں کو مستقل کرنے کی منظوری بھی دیدی گئی۔

ججز تعیناتی کمیٹی کا اجلاس راجہ ظفرالحق کی صدارت میں ہوا اجلاس میں ججز کے اثاثوں اور گوشواروں کی چھان بین کیلئے طلب کئے گئے آئی بی، ایف بی آر حکام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کمیٹی کے چیئرمین راجہ ظفرالحق کا کہنا تھا کہ جسٹس مشیر عالم کو سپریم کورٹ کا جج بنانے سے متعلق سفارش پر اتفاق ہو گیا ہے۔

جسٹس مقبول باقر کو چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ تعینات کرنے کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹی نے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عبدالسمیع خان، جسٹس عباد الرحمن، جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس عائشہ اے ملک ، جسٹس شاہد وحید اور جسٹس علی باقر نجفی کو مستقل کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔