اسلام آباد (جیوڈیسک) چیئرمین نیب کی عدم تقرری سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ نیب مکمل طور پر غیرفعال ہو چکا ہے۔ سپریم کورٹ نے ریمارکس دیئے چیئرمین نیب کی عدم تقرری پر بیشمار اسکینڈلز میں پیش رفت نہیں ہو رہی۔ حکومت جلد از جلد چیئرمین نیب کی تقرری کرے ورنہ نتائج کا سامنا کرنا ہو گا۔
جسٹس شیخ عظمت نے قرار دیا ، لگتا ہے کرپشن کا خاتمہ حکومت کی ترجیح نہیں ہے۔ اس سے پہلے اٹارنی جنرل نے عدالت میں موقف اختیار کیا۔ چیئرمین نیب کی تعیناتی میں اس مرتبہ تاخیر کی وجہ قائد حزب اختلاف ہیں۔ عدالتی استفسار پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر لندن گئے ہوئے ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے عدالت کو اس بات سے کوئی غرض نہیں۔ فیڈرل سروز ٹربیونل کے لئے بھی قانون سازی نہیں کی گئی۔ قانون سازی میں دیر کریں گے تو ادارے غیرفعال ہوتے رہیں گے۔ اٹارنی جنرل نے عدالت عظمی سے ایک ہفتے کے مزید وقت کی استدعا کی۔ مقدمے کی سماعت غیرمعینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی گئی۔