سپریم کورٹ کا اعتراض: سیکریٹری سی اے اے کی تبدیلی کا نوٹی فکیشن واپس

Supreme Court

Supreme Court

اسلام آباد (جیوڈیسک) وفاقی حکومت نے سیکریٹری سول ایوی ایشن محمد علی گردیزی کی تبدیلی کا نوٹی فکیشن واپس لے لیا، نرگس سیٹھی بھی سیکریٹری سول ایوی ایشن کے اضافی چارج سے محروم ہوگئیں۔ سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کے اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔ سپریم کورٹ میں سیکریٹری سول ایوی ایشن کی تبدیلی کے معاملے کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے کی۔ اٹارنی جنرل نے عدالت میں تحریری بیان عدالت میں پیش کیا جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم معاملات کی شفافیت پر یقین رکھتے ہیں، ایسی کوئی بات نہیں کہ نیو ایئرپورٹ تعمیر میں تاخیر کا معاملہ ایف آئی اے کو بھجوانے پر سیکریٹری کو ہٹایا گیا۔

سیکریٹری سول ایوی ایشن کی تبدیلی سے انیتا تراب کیس کی خلاف ورزی نہیں ہوئی۔ محمد علی گردیزی کی تبدیلی کا فیصلہ 10 ستمبر کو کیا گیا تھا جسے منسوخ کر دیا گیا ہے جبکہ نرگس سیٹھی سے سیکریٹری سول ایوی ایشن کا اضافی چارج بھی واپس لے لیا گیا ہے۔ چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل کے جواب کو قابل اطمینان قرار دے دیتے ہوئے معاملہ نمٹا دیا۔