کراچی (جیوڈیسک) رینجرز نے لیاری کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے مغوی کو بازیاب کرالیا، دوسری جانب منگھوپیر کے علاقے پختون آباد میں رینجرز کی جانب سے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے دو اہم دہشت گردوں سمیت 5 افراد کو حراست میں لیکر مختلف اقسام کے 36 ہتھیار برآمد کرلئے ۔لیاری کے علاقے نوا لین میں رینجرز نے کاروائی کرکے ایک مغوی کو بازیاب کرالیا۔ مغوی کو دو روز قبل آگرہ تاج کالونی سے اس وقت اغوا کیا گیا جب وہ اپنے گھر سے مچھر کالونی میں واقع اسکول جارہا تھا کہ دو موٹر سائیکل سوار مسلح افراد اسے اپنے ہمراہ نامعلوم مقام پر لے گئے۔
رینجرز کے مطابق ایک اغوا کار کو گرفتار کرکے پستول اور گولیاں بھی برآمد کر لیں۔ دوسری جانب رینجرز کی جانب سے الصبح خفیہ اطلاعات پر منگھوپیر کے علاقے پختون آباد میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا گیا جس میں کالعدم تنظیم کے 2 اہم دہشت گردوں سمیت 5 افراد کو حراست میں لے کر مختلف اقسام کے 36 ہتھیار برآمد کرلئے۔ رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کالعدم تنظیم کے مفرور ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے کیا گیا۔
آپریشن کے دوران بعض مشتبہ افراد کے مکانات پر چھاپے بھی مارے گئے،اس دوران ناکہ بندی کے باعث علاقہ مکینوں کی نقل وحرکت پر بھی پابندی رہی آپریشن کے دوران موٹر سائیکل سوار اہلکاروں کا دستہ، رینجرز رسپارنس ایمبولینس، اور اینٹی ٹیررارسٹ ٹریننگ والے اہلکار بھی موجود تھے، رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ پکٹرے گئے ملزمان میں ماربل کارخانوں اور دکانداروں سے بھتا وصولی کرنے اور ادائیگی نہ کرنے کی صورت میں انھیں اغوا کرنے والے اور ٹارگٹ کلرز بھی شامل ہیں۔