کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں سابق ایم پی اے ندیم ہاشمی کی گرفتاری کے خلاف متحدہ قومی موومنٹ نے احتجاجی مظاہرہ کیا، رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ دہشت گرد راکٹ داغ رہے ہیں لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش ہیں، متحدہ کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے سابق ایم پی اے ندیم ہاشمی کی گرفتاری کے خلاف ایم کیو ایم نے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں بڑی تعداد میں خواتین نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رکن سندھ اسمبلی فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ لوگوں نے ماضی میں آپریشن کا شوق پورا کیا، اس بار بھی کر لیں، دہشت گرد شہر میں راکٹ داغ رہے ہیں مگر قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش ہیں، ماضی کی طرح آج بھی ہماری نسل کشی کی جارہی ہے، مجرموں کو پکڑ نا چاہئے چاہے کسی بھی جماعت سے تعلق رکھتے ہوں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے ہر زیادتی کا جواب سیاسی انداز میں دیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ٹارگٹڈ آپریشن دہشت گردوں کے خلاف کیا جائے، ہم مجرموں کے خلاف آپریشن چاہتے ہیں، بتایا جائے کہ کس کی خواہش پر آپریشن کو سیاسی رخ دیا گیا، ہمیں دیوار سے لگایا جارہا ہے۔
فیصل سبزواری کہتے ہیں کہ ایم کیو ایم کے کتنے کارکنوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے، ہمارے گھروں اور دفاتر پر چھاپے مارے جارہے ہیں، دہشتگردوں کی پشت پناہی کرنے والے امن کی بات کرتے ہیں، ایم کیو ایم پھر کہہ رہی ہے کہ ہمیں دیوار سے نہ لگائیں، اس متاثرہ شہر کو اور متاثر کیا جارہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شہر کے بزنس مین کو آج بھی بھتے کی پرچیاں دی جارہی ہیں، ہم مجرموں کیخلاف ہر جائز کارروائی کو سپورٹ کرتے ہیں اور کریں گے۔