اسلام آباد (جیوڈیسک) آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں بارش کے بعد موسم خوشگوار اور سرد ہوگیا،محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ سے تین روز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں، ہزارہ مالاکنڈ، پشاور ، اسلام آباد ، سرگودھا ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بارش کی پیش گوئی ہے۔ ملک کے کئی بالائی علاقوں میں بارش کے بعد موسم ٹھنڈا ہوگیاہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کشمیر، گلگت، بلتستان، مالاکنڈ ، سرگودھا، لاہور گوجرانوالہ، پشاور ڈیژن میں کہیں کہیں اور کوہاٹ، بنوں اور میر پور خاص ڈویڑن میں چند مقامات پر گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔
جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ تاہم دو سے تین روز کے دوران ملک کے بالائی علاقوں، کشمیر، ہزارہ، مالاکنڈ، پشاور، کوہاٹ، اسلام آباد، گوجرانوالہ لاہور، سرگودھا اور گلگت میں بارش کا امکان ہے۔ گزشتہ روز سب سے زیادہ بارش کاکول میں 61 ملی میٹر اورلاہور میں 50 ملی میٹر رکارڈ کی گئی۔ سب سے زیادہ گرمی شہید بے نظیر آباد اور رحیم یار خان میں 42 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کی گئی۔