کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں ڈی ایس پی ممتاز شاہ دہشت گردوں کی فائرنگ کا نشانہ بن گئے، ادھر رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کر کے کالعدم تنظیم کے دو کارکنوں سمیت ستائیس سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا۔ کراچی کے علاقے ملیر کینٹ کے قریب ڈی ایس پی ممتاز شاہ کی کار پر فائرنگ کر کے انہیں موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ مقتول بچہ جیل لانڈھی میں تعینات تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ ادھر رینجرز نے اورنگی ٹان گلشن ضیا میں ٹارگٹڈ آپریشن کیا اور کالعدم تنظیم کے دو دہشت گرد گرفتار کر لئے، ملزموں سے بھاری مقدار میں اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔
رینجرز نے سائیں داد گوٹھ، لاسی گوٹھ، میکاسا اپارٹمنٹ، پختون آباد اور لسبیلہ میں بھی چھاپے مارے، بائیس ملزموں کو حراست میں لے لیا۔ صدر کے علاقے میں حساس ادارے نے ٹارگٹ کلنگ، بھتہ خوری اور اغوا برائے تاوان میں ملوث تین ملزم پکڑ لئے۔ تینوں کا تعلق سیاسی جماعت سے بتایا جاتا ہے۔ مبینہ ٹان اور اتحاد ٹان میں پولیس نے دو ملزموں کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کر لیں، شیریں جناح کالونی میں چھریوں کے وار سے ایک خاتون کو قتل کر دیا گیا۔