کراچی (جیوڈیسک) ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے غیر ملکی جریدے میں الطاف حسین کے بارے میں شائع ہونے والی رپورٹ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سراسر شر انگیز، من گھڑت اور بے بنیاد قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ غیر ملکی جریدے میں شائع ہونے والی شر انگیز رپورٹ ڈیکلن والش نامی صحافی نے تیار کی ہے۔
جس کی اپنی کوئی ساکھ نہیں اور اس صحافی کو کچھ عرصہ قبل ناپسندیدہ شخص قرار دیکر پاکستان سے نکالا گیا تھا۔ غیر ملکی جریدے کی اس شرانگیز رپورٹ کے ذریعے الطاف حسین کی کردار کشی کی گئی جس پر غیر ملکی جریدے اور مذکورہ صحافی کے خلاف ہتک عزت کا دعوی دائر کیا جائے گا۔
اخبار نے اپنی رپورٹ میں کہا تھا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے الطاف حسین نے اپنی جماعت کو سیاسی سلطنت کی طرح لندن میں بیٹھ کر شان و شوکت سے چلایا ہے اور قانون کی گرفت سے دور رہے ہیں، وہ برطانیہ سے بیٹھ کر گھنٹوں ٹیلی فونک خطاب کرتے ہیں ،نیو یارک ٹائمز کے حالیہ شائع شدہ مضمون کے مطابق الطاف حسین کا عالمی نظام ان کے لئے کراچی کی، سیاسی بادشاہت کا انتظام کرتا ہے۔