لاہور: بچی سے زیادتی، مزید 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا، سی سی پی او

CCPO

CCPO

لاہور (جیوڈیسک) لاہور میں 5 سالہ بچی سے زیادتی کے کیس میں پولیس نے مزید 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے، سی سی پی او کا کہنا ہے کہ ایک ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا تاہم ابھی اسے کیس میں نامزد نہیں کرسکتے، دوسری جانب بیان لینے کی کوشش پر زیادتی کی شکار بچی رو پڑی، تاحال اس کا بیان نہیں لیا جاسکا۔ سی سی پی او لاہور چوہدری شفیق نے بتایا ہے کہ بچی سے زیادتی کے کیس میں مزید 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے تاہم ابھی ان کے واقعے میں ملوث ہونے کے باعے میں کچھ نہیں بتاسکتے۔

سی سی پی او نے مزید بتایا ہے کہ ایک ملزم کو سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے گرفتار کیا گیا ہے مگر تحقیقات مکمل ہونے تک اسے کیس میں نامزد نہیں کرسکتے۔ دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ زیادتی کی شکار بچی اردو نہیں بول سکتی، والد کے ذریعے بیان لینے کی کوشش کی گئی تو وہ رو پڑی تاحال اس کا بیان نہیں لیا جاسکا۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز حراست کے بعد چھوڑے گئے 4 افراد کو بھی پولیس نے دوبارہ گرفتار کرلیا جبکہ ناقص تفتیش پر اے ایس آئی کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔