متوقع برسات سے قبل نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی درستگی کو یقینی بنا یا جائے نشاط ضیاء قادری

کراچی : رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی تنصیبات پر قائم تجاوزات و تعمیرات کا خاتمہ اور شاہ فیصل ٹائون کے تمام علاقوں میں نکاسی آب کا نظام بہتر بنا نے کے ہدایت کرتے ہوئے ،بلدیاتی اداروں اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی افسران کو ہدایت کی ہے کہ متوقع برسات سے قبل شاہ فیصل ٹائون کی تمام یونین کونسل میں قائم تمام بڑے چھوٹے برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کو یقینی بنا کر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے۔

پینے کے پانی کی لائنوں کی لیکجز کو درست کیا جائے اور سیوریج کے کھلے مین ہولز کو ڈھکنے کا فوری بندوبست کیا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون بلدیہ شرقی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے مقامی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل کالونی کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے نکاسی آب کے حوالے سے عوامی مسائل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے عوامی سہولتوں پر مامور تمام اداروں سے کہا ہے کہ وہ باہمی اشتراک سے عوامی خدمت کی انجام دہی کو یقینی بنا ئیں اور عوام کو درپیش علاقائی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز رکھیں اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے شاہ فیصل زون کی جانب سے برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے انتظامات کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر انہوں نے مختلف علاقوں میں برساتی نالوں کی صفائی کی فوری ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ دوران برسات نشیبی علاقوں میں عوام کو سہولیات کی فراہمی کے لئے نکاسی آب کے حوالے سے ہنگامی اقدامات کئے جائیں۔