اخوت کے زیر اہتمام مسلم عیسائی اتحاد اور یگانگت کیلئے سینٹ میری مگدلین چرچ میں پروگرام کا انعقاد

لاہور: اخوت کے زیر اہتمام مسلم عیسائی اتحاد اور یگانگت کیلئے اتوار کے روز سینٹ میری مگدلین چرچ گرجا چوک لاہور کینٹ میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے سکالرز نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔اخوت کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر امجد ثاقب اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

ڈاکٹر کامران شمس روبی دانیال شاہد اے ضیاء ڈاکٹر سدرہ ڈاکٹر نائلہ شہر بانو انور یوسف ندیم دائود پادری سلیم سلطان بائو فیاض کرنل(ر) عظیم اور مختلف کالجز سے اخوت میں انٹرنشپ کرنے والے طلباء و طالبات کی کثیر تعداد اس مو قع پر مو جود تھی۔اس مو قع پر خطاب کر تے ہوئے ڈاکٹر امجد ثاقب نے کہا کہ اخوت گزشتہ کئی سالوں سے بغیر کسی لالچ کے انسانیت کی خدمت کر رہی ہے۔

اخوت نے کسی مذہب اور فرقہ کی تفریق کئے بغیر انسانیت کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اخوت کو کامیاب بنانے میں مسیحی برادری کے کردار کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ اسلام بھائی چارے کا درس دیتا ہے جبکہ دوسرے کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھنا ہی اصل انسانیت ہے۔ پادری سلیم سلطان نے اپنے خطاب میں کہا کہ اخوت کے ہر فلاحی منصوبوں میں ہمارے چرچ اور عیسائی کمیونٹی ان کے شانہ بشانہ ہو گی۔