لاہور (جیوڈیسک) لاہور ہائی کورٹ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات بل کیخلاف درخواستوں کی سماعت کرتے ہوئے صوبائی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ بلدیاتی الیکشن کی تاریخ نہ بتائی گئی تو عدالت خود تاریخ کا تعین کر سکتی ہے۔
پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی میں منظور کیے گئے غیر جماعتی بلدیاتی الیکشن کے بل کوہائی کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے، درخواستوں کی سماعت کے دوران پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور وٹو عدالت کے روبرو پیش ہوئے،چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے سماعت کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ بلدیاتی انتخابات انتہائی ضروری ہیں۔
ان کا انعقاد جلد ہونا چاہیئے ،چیف جسٹس نے کہا کہ اگربلدیاتی انتخابات کی تاریخ نہ بتائی گئی تو عدالت خود تاریخ کا تعین کر سکتی ہے، عدالت نے حکومت پنجاب اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کرتے ہوئے مزید سماعت 25 ستمبر تک ملتوی کر دی۔