میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں۔ یعقوب ندیم سیٹھی

مصطفی آباد/للیانی : میاں محمد نواز شریف اور میاں شہباز شریف معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ کرنا چاہتے ہیں ہم ان کے اس نعرے پر عمل کرتے ہوئے معاشرے سے کرپشن کا خاتمہ کریں گے۔ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں با کردار لوگوں کو سامنے لایا جائے گا اور قصور مسلم لیگ کا قلعہ ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قربانیاں دینے والے عہدیدار ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ان کا مقام دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار ایم پی اے مسلم لیگ ن محمد یعقوب ندیم سیٹھی نے کارکنان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن کی موجودہ حکومت ملک کو اقتصادی بحران سے نکا لنے کے لئے بھرپور محنت کر رہی ہے اور ترقی و خوشحالی والے خودمختار پاکستان کی منزل کاحصول اب زیادہ دور نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ سرکاری محکمے عوامی مسائل میں کمی اور سائلین کی داد رسی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کریں اور اپنے دروازے عوام کے لئے کھلے رکھیں۔ ملک میں موجودہ تمام بحرانوں سے نجات کیلئے عمل کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے کیونکہ ماضی میں اعلانات بھی بہت ہوئے اور فیصلے بھی بہت کئے گئے مگر بدقسمتی سے عملدرآمد نہ ہو سکا اور بحران حل ہونے کی بجائے شتر بے مہار بڑھتے گئے۔ آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد حکومت کا اچھا اقدام تھا اور اس میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی سے جمہوریت پر عوام کا اعتماد بڑھا ہے۔