میانوالی (جیوڈیسک) اپردیر میں دہشتگردوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے میجر جنرل ثنا اللہ نیازی کی نماز جنازہ آبائی علاقے میانوالی میں ادا کر دی گئی۔ میجر جنرل ثنا اللہ نیازی کی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کے لئے اعلی فوجی حکام، معززین شہر اور رشتہ داروں کی بڑی تعداد میانوالی پہنچی۔
اس سے پہلے گذشتہ شب شہید میجر جنرل کی نماز جنازہ چکلالہ گریژن میں ادا کی گئی تھی۔ شہید میجر جنرل ثنا اللہ نیازی کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ اپر دیر میں پاک افغان بارڈر پر اگلے مورچوں کے جائزے کے بعد واپس آرہے تھے۔ ان کا شمار پاکستان کے انتہائی دلیر اور قابل افسران میں ہوتا تھا۔
میجر جنرل ثنا اللہ خان نیازی فروری 2013 میں جی او سی سوات تعینات ہوئے تھے۔ وہ ہمیشہ پاک فوج کے جوانوں کا حوصلہ بڑھانے کیلیے مورچوں پر دورے کیا کرتے تھے۔