میکسیکو سٹی (جیوڈیسک) میکسیکو میں سمندری طوفانوں کا زور، بارش، سیلاب اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک۔ 2 ہزار سے زائد افراد کی گیریرو کے علاقے سے نقل مکانی، 21 ہزار گھرانے بجلی کی سہولت سے محروم ہو گئے۔ میکسیکو میں سمندری طوفانوں کے باعث ہونے والی موسلا دھار بارشوں، سیلابوں اور مٹی کے تودے گرنے سے کم از کم 20 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق سمندری طوفان انگرید اور مانوئیل کے نتیجے میں میکسیکو کے مشرقی اور مغربی ساحلی علاقوں میں موسلا دھار بارشیں ہو رہی ہیں۔ کئی علاقوں کو سیلابوں کا بھی سامنا ہے جبکہ مختلف علاقوں میں مٹی کے تودے بھی گرے ہیں۔ مانوئیل ٹراپیکل طوفان ہے جو بحرالکاہل کی جانب سے میکسیکو کی ریاست کولیما کے علاقے مانسانیلو سے ٹکرایا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی ہریکین سینٹر کا کہنا ہے کہ وہاں سے یہ طوفان 85 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمالی مغربی علاقے کی طرف بڑھ گیا جس کے بعد اس کا زور ٹوٹنا شروع ہو گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس طوفان کے نتیجے میں جنوب مغربی ریاست گیریرو میں کم از کم 14 افراد ہلاک ہوئے۔ مرکزی ریاستوں پوئیبلا اور ہیدالگو میں 6 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ ان میں سے 6 ہلاکتیں ایک وین کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں ہوئیں جو سیاحتی شہر اکاپولکو جا رہی تھی۔
ڈرائیور نے دھند اور پھسلن کے باعث وین کا کنٹرول کھو دیا تھا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ اکاپولکو کے بعض علاقوں میں تین فٹ تک پانی کھڑا ہے جبکہ ایئرپورٹ جانے والی سڑک بند کر دی گئی ہے۔ شہر کی بندرگاہ بھی بند کی جا چکی ہے جبکہ لوگوں کو تفریحی مقاصد کے لیے ساحلوں کا رخ نہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ وہاں سے ایک کشتی پر روانہ ہونے والے دو افراد لاپتہ ہیں۔ چھ افراد گیریرو کے مختلف علاقوں میں مٹی کے تودے اور گھروں کی دیواریں گرنے سے ہلاک ہوئے۔
شہری دفاع کے محکمے کے ایک اہلکار کونسٹانٹینو گونسالیس وارگاس کا کہنا ہے کہ دو ہزار سے زائد افراد گیریرو سے نقل مکانی کر گئے ہیں جبکہ 21 ہزار گھرانے بجلی کی سہولت سے محروم ہو گئے ہیں۔ شمالی ساحلی ریاست ویراکروس میں انگرید طوفان کے خطرے کے پیشِ نظر چھ ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔