گجرات کی خبریں 2013 16.9

ممبر اسلامی نظریاتی کونسل حکومت پاکستان صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی گزشتہ روز تعزیت کیلئے دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس گئے

گجرات (جی پی آئی) ممبر اسلامی نظریاتی کونسل حکومت پاکستان صاحبزادہ پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی گزشتہ روز تعزیت کیلئے دی ایجوکیٹرز بارہ دری کیمپس گئے اور ممتاز ماہر تعلیم شہزاد شفیق نقشبندی کے پیرو مرشد صاحبزادہ میاں محمد جمیل شرقپوری کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا انہوں نے مرحوم کی خدمات کو بے حدسراہا اور کہا کہ صاحبزادہ میاں محمد جمیل نقشبندی نے سلسلہ نقشبندی کے فروغ کیلئے دن رات کام کیا اور یوم مجدد الف ثانی کو انہوں نے منانا شروع کیا، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائینگی، اللہ تعالیٰ ان کے درجات میں بلندی عطا فرمائے اور لواحقین کو صبرجمیل عطا فرمائے، اس موقع پر ممتاز ماہر قانون سابق سینئر نائب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چوہدری عثمان وڑائچ ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری ، صاحبزادہ پیر سید حسن محمود شاہ گجرات، کاشف انور بھی موجود تھے، انہوں نے مرحوم کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
تعلیم دینا صفت پیغمبری ہے اور یہ پیغمبرانہ پیشہ ہے
گجرات (جی پی آئی)تعلیم دینا صفت پیغمبری ہے اور یہ پیغمبرانہ پیشہ ہے ، ان خیالات کااظہار ممتاز روحانی شخصیت ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پیر سید سعید احمد شاہ گجراتی نے گزشتہ روز چناب گروپ آف کالجز کے دورہ کے دوران کیا انہوںنے کہا کہ اگر تعلیم کو صحیح انداز میں استعمال کیا جائے تو دنیا و آخرت میں کامیابی مل سکتی ہے اور چناب کالجز کا شمار ضلع گجرات کے اہم ترین اداروں میں ہوتا ہے، جو کہ اپنے فرائض احسن طریقہ سے سرانجام دے رہے ہیں ، اور پروفیسر غلام مصطفی کی سربراہی میں چناب گروپ آف کالجز کا معیار روز بروز بہتر ہو رہا ہے ، اور بچوں کو معیار تعلیم دی جا رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ ایسے تعلیمی اداروں کی سرپرستی ہونی چاہیے تا کہ وہ بہتر انداز میں اپنے فرائض سرانجام دے سکیں ، اس موقع پر چیئرمین چناب گروپ آف کالجز پروفیسر غلام مصطفی نے کہا کہ ہم لوگوں کو معیاری تعلیم دینے میں دن رات کوشاں ہیں اور ہم نے کبھی بھی دنیائوی دوڑ میں شامل ہونے کی کوشش نہیں کی بلکہ اپنے بچوں کو بہترین تعلیم دی ہے ، اور آئندہ بھی اسی انداز میں کام کرتے رہینگے ، اس سال چناب لاء کالج کا قیام عمل میں لایا جائیگا اور پنجاب یونیورسٹی کے اشتراک سے بچوں کو قانون کی تعلیم دی جائے گی ، اس موقع پر پیر سید حسن محمود شاہ گجراتی ، ڈاکٹر رزاق احمد غفاری بھی موجود تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت ایم این اے چوہدری عابد رضا منعقد ہوا
گجرات(جی پی آئی)ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس زیر صدارت ایم این اے چوہدری عابد رضا منعقد ہوا جس میں ڈی سی او آصف بلا ل لودھی، ایم این اے چوہدری جعفر اقبال، ایم پی ایز میاں طارق محمود، چوہدری شبیر رضا ، نوابزادہ حیدر مہدی،ارکان اسمبلی کے نمائندگان، ای ڈی اوز اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈی سی او آصف بلا ل لودھی اور فنانس اینڈ پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے افسران نے ارکان اسمبلی کو بتایا کہ حکومت نے ہر صوبائی حلقہ میں ترقیاتی کاموں کے لئے ایک ایک کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ارکان اسمبلی سڑکوںکی تعمیر، تعلیم اور صحت کے شعبہ جات، میونسپل سہولیات میں اضافہ، عدم دستیاب سہولیات کی فراہمی اور قبرستانوں کی حالت زار میں بہتری کے لئے اپنی سکیمیں دے سکتے ہیں جبکہ یہ سکیم کم از کم 20 لاکھ روپے کی ہونی چاہیے۔ انہوں نے ارکان اسمبلی پر زور دیا کہ وہ اپنے ترجیحی منصوبوں بارے جلد از جلد انتظامیہ کو آگاہ کریں تاکہ ان پر کام کا آغاز ہو سکے۔ ای ڈی او ایجوکیشن ایاز طارق نے اجلاس کے دوران محکمہ تعلیم میں ٹرانسفر، ریشنلائزیشن ، تعلیمی اداروں کی خطرناک عمارتوں اور عدم دستیاب سہولیات بارے آگاہ کیا۔ اس موقع پر ایم این اے چوہدری عابد رضا نے ای ڈی او ایجوکیشن کو ہدایت کی کہ وہ تمام حلقوں کا دورہ کریں اور تعلیمی اداروں کو درپیش مسائل سے متعلقہ ایم پی ایز کو آگاہ کریں ۔ انہوںنے اس عزم کا اظہار کیا کہ سیاسی قیادت اور ضلعی انتظامیہ مل کر ضلع گجرات کو ترقی یافتہ بنانے اور عوامی مسائل حل کرنے کے لئے مشترکہ کاوشیں کریں گے اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے تمام وسائل اور صلاحتیں برئوے کار لائی جائیںگی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔