بھتہ مافیا راولپنڈی میں بھی سرگرم ، پیسے نہ دینے پر ٹھیلے والا قتل

Extortion Mafia

Extortion Mafia

راولپنڈی (جیوڈیسک) بھتہ مافیا راولپنڈی میں بھی سرگرم ہو گیا، پیسے نہ دینے پر ایک غریب ٹھیلے والے کو قتل کر دیا، پولیس کہتی ہے کہ تنازع لین دین کا تھا، اہل محلہ کا الزام ہے کہ پولیس بھی بھتہ مافیا سے ملی ہوئی ہے۔ قاسم ایک ٹھیلے پر پکوڑے بیچ کر تین بچوں اور بیوی کا پیٹ پالتا تھا۔

بوڑھے والدین کی کفالت اور ایک بہن کی تعلیم بھی اسی کے ذمے تھی، خاندان والے کہتے ہیں کہ قاسم کو بھتہ نہ دینے پر قتل کر دیا گیا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بھتہ خوروں کے تین رکنی گروہ نے سب کا جینا حرام کر رکھا ہے۔ قاسم کے بھائی عاصم کا کہنا ہے کہ اس نے بھتہ مافیا کے خلاف تھانہ وارث خان میں درخواست بھی دی لیکن پولیس نے ایف آئی آر درج کی مگر لین دین کے تنازع کی۔

قاسم کے قتل پر اہل علاقہ سراپا احتجاج ہیں اور ملزمان کی فوری گرفتاری چاہتے ہیں۔ کاروباری حضرات کا کہنا ہے کہ بھتہ خور سرعام اپنی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں اور پولیس ان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے سے گریزاں ہے۔