لاھور کی حبریں 17,9,2013

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی سینٹرل پولیٹیکل کونسل کا اہم اجلاس صوبائی پولیٹیکل سیکریٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا
لاہور (جی پی آئی) مجلس وحدت مسلمین پاکستان کی سینٹرل پولیٹیکل کونسل کا اہم اجلاس صوبائی پولیٹیکل سیکریٹریٹ لاہور میں منعقد ہوا۔ جس کی صدارت مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ امین شہیدی نے کی، جبکہ چاروں صوبوں سمیت آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سے بھی کونسل کے اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں طویل بحث و مشاورت کے بعد آئندہ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ مرکزی سیکرٹری سیاسیات سید ناصر عباس شیرازی ایڈووکیٹ کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے جنرل پالیسی ترتیب دے دی گئی ہے، ایم ڈبلیو ایم ہم خیال، معتدل اور وطن دوست جماعتوں کو اکٹھا کرکے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، تاکہ پورے پاکستان میں بہترین نتائج سامنے آسکیں، قومی سطح پر انتخابات میں حصہ لینے کے لئے الائنس یا گروپس کی تشکیل کا فیصلہ سینٹرل پولیٹیکل کونسل کے آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ مرکزی سیکرٹری سیاسیات مجلس وحدت مسلمین پاکستان سید ناصر عباس شیرازی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے حکومتی فیصلے کو یکسر مسترد کرتی ہے اور اس فیصلے کے خلاف عدالتی دروازے پر جانے کا آئینی اور جمہوری حق بھی محفوظ رکھتی ہے، انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے گذشتہ دنوں بلائی گئی کل جماعتی کانفرنس پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اے پی سی ایک قومی سطح کی سازش تھی، جس میں مسلم لیگ نون کے ساتھ دیگر جماعتیں بھی شامل ہوئیں، طالبان سے مذاکرات اس بات کی دلیل ہیں کہ اے پی سی میں شریک تمام جماعتیں طالبان کو پاکستان کی سیاسی و عسکری قوت تسلیم کرتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبان سے مذاکرات 40 ہزار بیگناہ شہید پاکستانیوں کے خون ناحق سے غداری کے مترادف ہیں، حکومت اور اے پی سی میں شامل دیگر جماعتوں کو جلد طالبان سے مذاکرات کے سنگین نتائج بھگتنا پڑیں گے۔ اجلاس میں مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ محمد امین شہیدی، علامہ شفقت شیرازی، ناصر شیرازی ایڈووکیٹ، رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا، علامہ ابوذر مہدوی، علامہ اقبال بہشتی، علامہ مختار امامی، علامہ عبدالخالق اسدی، علامہ شیخ نیئر عباس مصطفوی، علامہ تصور جوادی، مولانا ارشاد علی، رائے علی رضا بھٹی، سجاد حسین میکن، اخلاق بہشتی، ظفر چشتی، اخلاق بخاری، عبداللہ مطہری، طارق بدوی، فدا حسین ایڈووکیٹ، اسد عباس نقوی اور باقر حسین ایڈووکیٹ شریک تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے روشن پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے
لاہور( جی پی آئی) سابق صوبائی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ چوہدری عبد الغفور خاں نے کہا ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نے روشن پاکستان کی بنیاد رکھ دی ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اب پاکستان سے اندھیرے چھٹ جائیں گے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے تعمیر و ترقی کے میدان میں انقلاب برپا کر دیا ہے عوام نے عام اور ضمنی انتخابات میں شیر پر نہیں بالکہ روشن پاکستان پر مہر ثبت کی تھی، عوام کے اس تاریخی فیصلے نے پاکستان کی قومی سیاست اور قومی معیشت کو ایک نیا موڑ دیا ہے انہوں نے کہا کہ توانائی بحران، بجلی اور گیس چوری کے سدِباب کے لئے حکومت ٹھوس اقدامات کر رہی ہے عوام بھی کرپٹ عناصر کی نشان دہی کر کے ملک کو اندھیروں سے نکالنے کے لئے حکومت کا ساتھ دیں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے صوبے میں تعمیر وترقی کے میدان میں انقلاب برپا کر دیا ہے
لاہور( جی پی آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی کنول نعمان نے کہا ہے کہ وزیر اعلی شہباز شریف نے صوبے میں تعمیر وترقی کے میدان میں انقلاب برپا کر دیا ہے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے بہترین تجارتی، صنعتی و اقتصادی پالیسیوں کی بدولت صنعتوں کو فروغ حاصل ہو رہا ہے، جس سے ملک کی اقتصادی حالت مضبوط ہوئی ہے انہوں نے کہا کہ صوبے میں گڈ گورننس کے ذریعے پرائیویٹ پبلک پارٹنر شپ کے تصور کو فروغ دیا جائے گا اور بیرونی سرمایا کاری کی مکمل حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے انہوں نے کہا کہ وہ دن دور نہیں جب پاکستان ایشین ٹائیگر بن کر ابھرے گا، میاں برادران کی محنت رنگ لائے گی اور ہر طرف ترقی، خوشحالی کا دور دورہ ہو گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
شہباز شریف کے تعلیمی وژن کی تکمیل کے لیئے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کوشب و روزکام کرنا ہوگا ۔ایم ڈی نوازش علی
لاہور،(جی پی آئی)وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی سر براہی میں تعلیم سے محروم بچوں کو خوشگوار ماحول میں مفت اور معیاری تعلیم مہیا کرنے کی بھرپورمہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس مہم کا مقصدتعلیم جیسی بنیادی نعمت کو ہر بچے کی دہلیز پر پہنچانا ہے تاکہ غربت اور معاشی نا ہمواریوں کا شکار بچے در در کی ٹھوکریں کھانے کی بجائے باعزت ما حول میں تعلیم حاصل کر کے ملک کا نام روشن کریں۔ تعلیم سے محروم بچوں کو سکول واپس لانے کی مہم میں پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ اس حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نے آئندہ پانچ سالوں کے دوران چالیس لاکھ آئوٹ آف سکول بچوں کو سکول واپس لانے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ یہ اقدام وزیر اعلی شہباز شریف کی تعلیمی پالیسی کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے جس کا فائدہ غریب بچوں کو پہنچے گا اور اسطرح جہالت کو صوبے سے ہمیشہ کے لیئے دیس نکالا مل جائے گا۔یہ بات منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نوازش علی نے فائونڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام سے منسلک سکولوں کے رابطہ اجلاس سے آج یہاں خطاب میں کہی ۔اجلاس میں سر گودھا، خوشاب ، بھکر ، میانوالی اور چنیوٹ کے پارٹنر سکولوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈی نوازش علی نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کا فروغ وزیر اعلی شہباز شریف کی اولین ترجیح ہے۔ اس حوالے سے پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن کوشب و روز کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ رواں مالی سال کے دوران فروغ تعلیم کے لیئے ساڑھے سات ارب روپے مہیا کیئے ہیں جس سے 14لاکھ سے زائد غریب اور بے آسرا بچوں کی تعلیم دی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی سکول انرولمنٹ مہم سے غریب بچوں کو خصوصی فائدہ پہنچا ہے ۔حکومت کی کوشش ہے کہ سکول جانے کی عمر کے ہر بچے کو سکول میں داخلہ دیا جائے۔ا نہوں نے مزیدبتایا کہ 57لاکھ سے زائد طلبہ اور 48لاکھ سے زائد طالبات تعلیمی نظام کا حصہ بن چکے ہیں جس سے عالمی معاہدہ تحفظ حقوق اطفال کے اہداف پورا کرنے میں مدد ملی ہے ۔ انہوں نے پارٹنر سکولوں سے کہا کہ وہ اپنے طالبعلموں کو خوشگوار ماحول میں تعلیم دے کر انکی شخصیت میں وسعت نظری ، خوداعتمادی اور جرات اظہار کے اوصاف بھی اجاگر کریں تاکہ پاکستان کو درپیش چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیئے نوجوان قیادت میسر آئے۔قبل ازیں فائونڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام کے ڈائریکٹر ندیم مسعود نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا ۔آخرمیں ایم ڈی پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن نوازش علی نے نمایاں کارکردگی کے حامل سکولوں اور طالبعلموں میں انعامات تقسیم کیے۔