ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ انکا ملک ایٹمی ہتھیار نہیں بنائے گا، صدر براک اوباما کے انکے نام خط میں مثبت اشارے ہیں۔ امریکی ٹی وی چینل این بی سی کو انٹرویو میں ایرانی صدر نے کہا کہ کسی بھی حالات میں وہ وسیع پیمانے پر تباہی پھیلانے والے ہتھیار نہیں بنائیں گے۔
انہوں نے کہا ایران نے کبھی بھی ایٹمی ہتھیار بنانے یا حاصل کرنے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا ایران کا ایٹمی پروگرام پر امن مقاصد کے لئے ہے۔ صدر حسن روحانی نے کہا صدر اوباما نے انہیں انتخابات میں کامیابی کی مبارکباد کے خط میں کچھ تحفظات کا اظہار کیا جسکا انہوں نے جواب بھی دیا۔ انہوں نے کہا صدر اوباما کا خط مثبت اور تعمیری تھا۔ صدر روحانی کا انٹرویو آج رات نشر کیا جائے گا۔