فیصل آباد (جیوڈیسک) فیصل آباد کے علاقہ گلشن کالونی میں چار سالہ طالب علم سے نجی اسکول کے پرنسپل کی مبینہ طور پر زیادتی کی کوشش کے خلاف لواحقین اور اہل علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے اسکول میں توڑ پھوڑ کی۔ پولیس نے احتجاج کے بعد پرنسپل، سکیورٹی گارڈ اور مظاہرہ کرنے والے ایک شہری کو گرفتار کر لیا۔
غلام محمد آباد کے رہائشی غلام رسول کا کہنا ہے کہ نڑوالا روڈ پر نجی اسکول میں نرسری کلاس میں زیر تعلیم اس کے چار سالہ بیٹے بہزان کو پرنسپل بدر منیر اور سکیورٹی گارڈ سرور نے زیادتی کا نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ متاثرہ بچے کو الائیڈ ہسپتال منتقل کر کے تھانہ گلبرگ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا۔
ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے۔ انہوں نے اسکول میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور قریبی تعلیمی اداروں میں زبردستی چھٹی کرا دی۔ بعد میں پولیس نے پرنسپل اور سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا جس پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔