کراچی : رینجرز اور پولیس آپریشن، 24 افراد زیرحراست، اسلحہ برآمد

Karachi Operations

Karachi Operations

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں رینجرز اور پولیس کا سرج آپریشن آج بھی جاری رہا، 24 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ کورنگی میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہو گیا۔ سعود آباد میں سیاسی جماعت کے دفتر پر چھاپہ مارا گیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ نے 4 تھانوں کے ایس ایچ اوز کو معطل کر دیا۔

کراچی کے علاقے کورنگی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے ایک شخص کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ مقتول کی شناخت تا حال نہیں ہو سکی ہے۔ کلفٹن ٹائون شاہ رسول کالونی، نیلم کالونی سے پولیس نے 10 افراد کو حراست میں لیکر اسلحہ برآمد کر لیا۔ بلدیہ اتحاد ٹاون سے پولیس نے 13 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ 4 افراد سے اسلحہ اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہے۔

ناظم آباد میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران ایک ڈاکو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کیدو ساتھی فرار ہو گئے۔ پولیس نے سعود آباد کے علاقے میں سیاسی جماعت کے دفتر پر چھاپہ مارا تاہم وہاں سے کوئی کامیابی نہیں ملی۔ دوسری جانب ڈی آئی جی ویسٹ نے 4 تھانوں عزیز آباد، جوہر آباد، لیاقت آباد اور نیو کراچی انڈسڑیل ایریا کے ایس ایچ اوز کو عہدے سے ہٹا دیا۔