وزیراعظم نے وفاقی کابینہ کا اجلاس آج طلب کر لیا، نوازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے تئیس ستمبر سے امریکا کا دورہ کرینگے۔
وزیراعظم کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں وفاقی کابینہ پندرہ نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی۔ اجلاس میں انسداد دہشتگردی بل دوہزار تیرہ اور نیلم جہلم پاور ٹرانسمیشن لائن منصوبے کیلئے اضافی فنڈز کی منظوری کا بھی امکان ہے۔ اجلاس میں چین سے پچھتر ریلوے انجنوں کی خریداری کا معاہدہ منسوخ کرنے کی منظوری بھی دی جائے گی۔
وزیراعظم کابینہ کو اپنے دورہ ترکی کے حوالے سے بھی اعتماد میں لیں گے۔ دوسری جانب وزیراعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلئے تئیس سے انتیس ستمبر تک امریکا کا دورہ کرینگے۔ دورے کے دوران وہ متعدد ممالک کے سربراہان سے بھی ملاقاتیں کرینگے۔