کراچی (جیوڈیسک) کراچی کی بندر گاہ سے اسلحے کی اسمگلنگ سے متعلق رمضان بھٹی کمیشن کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔ سپریم کورٹ نے کراچی بندر گاہ سے اسلحے کی اسمگلنگ سے متعلق رمضان بھٹی پر مشتمل کمیشن تشکیل دیا تھا، کمیشن کی رپورٹ آج عدالت میں پیش کی گئی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ حساس اداروں نے اسلحے کی اسمگلنگ کے معاملے سے انکار کیا ہے لیکن سمندری راستوں سے اسلحے کی اسمگلنگ کو خارج از امکان نہیں قرار دیا جاسکتا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ 39 سمندری راستے ہیں جہاں لانچوں کی آمد ورفت ہوتی ہے، صرف سات راستوں پر کسٹم کی پوسٹیں ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کسٹم کے پاس وسائل کی کمی ہے، کنٹینرز، ٹرک اور دیگر گاڑیوں کو مختلف مقامات پر چیک کرنے کے لئے افرادی قوت، جدید آلات بھی نہیں ہیں۔