کراچی (جیوڈیسک) نصرت سحر عباسی کو نکالنے پر احتجاج کرنے والے فنکشنل لیگی منانے پر واپس آگئے۔ تفصیلات کے مطابق قائم مقام اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر عباسی کو اسمبلی کی کارروائی میں خلل ڈالنے پر اجلاس سے باہر نکال دیا۔ بالکل اسی طرح جیسے بچوں نے شور مچایا اور استانی نے انہیں کلاس سے باہر کا رستہ دکھایا۔ اسکولوں میں تو یہ نئی بات نہیں، لیکن ایسا ہی کچھ ہوا سندھ اسمبلی کے اجلاس میں جہاں مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر عباسی نے قائم مقام اسپیکر شہلا رضاکا کہا ماننے سے انکار کر دیا اور شہلا رضا نے انہیں چپ چاپ بیٹھنے کا حکم دیا۔
نصرت سحر عباسی بھی کہاں خاموش ہونے والی تھیں، کچھ بس نہ چلاتو شہلا رضا نے پہلے ان کا مائیک بند کرایا اور جب صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا تو نصرت سحر عباسی کو گیٹ آوٹ کہہ دیا۔ نصرت سحر عباسی ایوان سے کیا نکالی گئیں، فنکشنل لیگ کے باقی ارکان بھی احتجاجا واک آوٹ کرگئے، لیکن کہانی یہیں ختم نہیں ہوئی بلکہ پیپلز پارٹی والے منانے گئے توسب خوشی خوشی واپس لوٹ آئے جیسے سب کچھ اسکرپٹ کا حصہ تھا۔