امام بارگاہ اور مسجد پر دستی بم حملوں میں 4 افراد جاں بحق، 36 زخمی

Karachi - Peshawar Injured

Karachi – Peshawar Injured

کراچی (جیوڈیسک) پشاورکراچی میں امام بارگاہ اور پشاور میں مسجد پر دستی بم حملوں میں 4 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہو گئے۔ کراچی میں لانڈھی کے علاقے مجید کالونی میں امام بارگارہ پر دستی بم حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے، ان میں تین کی حالت تشویش ناک ہے۔ لانڈھی پولیس کے مطابق مجید کالونی میں موٹر سائیکل پر سوار دو ملزمان نے سیکٹر ٹو میں واقع امام بارگاہ سجادیہ پر دستی بم پھینکا اور فرار ہوگئے، امام بارگا ہ میں ہر جمعرات کو خصوصی مجلس کا اہتمام کیا جاتا ہے، پولیس کے مطابق بم روسی ساختہ تھا۔

حملے میں ایک شخص جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق تین زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔ دوسری جانب پشاور کے مضافاتی علاقے اچینی بالا میں مسجد پر شرپسندوں کے حملے میں 3 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ پشاور کے تھانہ سربند کی حدود میں واقع علاقہ اچینی بالا کے پیرانو مسجدپر مقامی شدت پسندوں نے ہلہ بول دیا۔

پولیس کے مطابق دستی بموں کے حملے میں 3 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مسجد میں حملے کے وقت تبلیغی جماعت کے ارکان وہاں ٹھہرے ہوئے تھے۔ 16 زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اور 4 کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کر دیا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق 3 زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے۔