شام: باغیوں کا ساتھ دینے کا الزام، برطانیہ میں 2 پاکستانیوں سمیت 4 افراد گرفتار

Syria

Syria

دمشق (جیوڈیسک) شام میں صدر بشارالاسد کے خلاف بغاوت میں دہشتگردوں کا ساتھ دینے والوں کا سلسلہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں تک پھیل گیا ہے، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے دو پاکستانیوں سمیت 4 افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ برطانیہ کی پولیس نے ایسکس میں چھاپہ مار کرخاتون سمیت دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ایک شخص کی عمر ستائس برس ہے جبکہ خاتون کی عمر چھبیس برس ہے۔ دونوں افراد پر شام میں دہشتگردی کے لیے تیاری کرنے اور لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے، جبکہ ایسٹ لندن اور لنکاشائر میں بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں، دوگاڑیوں کی بھی تلاشی لی گئی ہے۔

برطانوی حکام پیر کو پورٹ آف ڈوور Dover سے پہلے ہی دو پاکستانی نثراد برطانوی شہریوں کو گرفتار کرچکے ہیں جن میں سے ایک کی عمر بائیس اور دوسرے کی عمر انتیس برس ہے جن سے ہتھیار بھی برآمد کیے گئے تھے۔ ملزم تاحال لندن میں زیر حراست ہیں۔

برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو کے سابق سربراہ پہلے ہی حکومت کو خبردار کرچکے ہیں کہ برطانیہ سے انتہاپسند افراد عرب ممالک جا کر دہشتگردی میں شریک ہورہے ہیں۔برطانیہ میں بعض حلقوں نے صورتحال پر تشویش ظاہرکی ہے اور خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ دہشتگرد برطانیہ واپس آکر بھی انتہا پسند کارروائیوں میں ملوث ہو سکتے ہیں۔