سینیٹر مشاہد حسین سید نے مارگلہ ہلز ٹنل پراجیکٹ پر سینیٹ میں تحریک التوا جمع کرا دی
Posted on September 21, 2013 By Tahir Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل اور سینیٹ ڈیفنس کمیٹی کے چئیرمین سینیٹر مشاہد حسین سید نے مارگلہ ہلز ٹنل پراجیکٹ پرسینیٹ میں تحریک التوا جمع کرا دی ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین نے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق 23 اگست 2013 کو وزیر اعظم پاکستان نے ایک میٹنگ میں مارگلہ ہلز پر ایک ٹنل کے قیام کا فیصلہ کیا ہے اور گلگت بلتستان، مانسہرہ اور ایبٹ آباد کا حوالہ دیتے ہوئے اسکا مقصد اسلام آباد تا ہری پور مختصر راستہ بتایا گیا ہے جو کہ سراسر مارگلہ ہلز نیشنل پارک سے متعلقہ قوانین کی خلاف ورزی ہے جسکے مطابق مارگلہ ہلز کے آس پاس ایسا کوئی تعمیراتی منصوبہ خلاف قانون ہے۔
سینیٹر مشاہد حسین نے تحریک التوا کے متن میں مزید بتایا ہے کہ اس قسم کا کوئی منصوبہ نہ تو پلاننگ کمیشن کی طرف سے سامنے آیا ہے اور نہ ہی متعلقہ اعلیٰ سرکاری ادارے ای سی این ای سی،انوائرمنٹ ڈیویژن اور انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی سے منظوری لی گئی ہے جس سے اسلام آباد جیسے قدرتی حسین مناظر سے بھرپور شہر کو اس غیرقانونی منصوبے سے شدید ماحولیاتی خطرات لاحق ہونے کا اندیشہ ہے۔ میڈیا پر اس متنازعہ پراجیکٹ پر پہلے ہی سے تنقید جاری ہے اور وفاقی دارالحکومت کے شہری بھی اس حکومتی منصوبے کے حق میں نہیں ہیں۔