اسلام آباد (جیوڈیسک) وزیراعظم میاں نوازشریف نے وزرا کی قومی اسمبلی میں عدم حاضری پر برہمی کااظہارکرتے ہوئے انہیں پوری تیاری کے ساتھ ایوان میں حاضررہنے کی ہدایت کی ہے۔ ذرائع نے ذرائع کو بتایا ہے کہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیرداخلہ چودھری نثار نے وزیراعظم کو بتایاکہ وزرا کی ایوان میں عدم موجودگی سے حکومت کو خفت کا سامنا کرنا پڑا، ایسا پہلے کبھی نہیں ہوا، حکومتی بنچوں پروزرا کی عدم موجودگی سے برا تاثر پڑا۔
وزیراعظم نوازشریف نے وفاقی وزرا سے استفسار کیاکہ آخر وہ قومی اسمبلی کے اِجلاس میں نہیں جاتے، اِس پر ارکان خاموش رہے۔ وزیراعظم نے وزرا کو ہدایات کیں کہ وہ ایوان میں حاضری یقینی بنا نے کیلئے روسٹر تیار کریں، سوالات کے جوابات کیلئے پوری تیاری کے ساتھ جائیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ منتخب ایوان کو تمام قومی معاملات پر باخبر رکھے۔